کراچی (اُمت نیوز) اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ایک دو سیریز کے بعد باتیں کرنا یا کپتان کو ہٹانے کا فیصلہ کرنا مناسب نہیں۔
پشاور زلمی کے خلاف ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ 9 کے دوسرے ایلیمنیٹر میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ شاہین آفریدی سے ایک سیریز اچھی نہیں گئی تو ان سے کپتانی لینے کی باتیں شروع ہوگئیں ہیں، پاکستانی ٹیم کی کپتانی لانگ ٹرم بنیاد پر دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ کا سیزن ہے، ورلڈ کپ کی تیاری ابھی سے کرنی ہوگی، ورلڈ کپ سے قبل جو کھلاڑی ہیں انہیں اعتماد دیا جائے، جس کو بھی کپتان بنائیں لمبے عرصے کیلئے بنائیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کھلاڑیوں کو وہی رول دیا جائے جو ورلڈ کپ میں دینا چاہتے ہیں۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ شاہین کو ایک سیریز کے نتائج پر کپتانی سے ہٹایا نہیں جا سکتا، سیریز جیتیں اور تجربات بھی کرتے رہیں ایسا ممکن نہیں ہوسکتا، ورلڈ کپ قریب تر ہے اور اس سے قبل مسئلے مسائل حل ہوجانے چاہئیں۔
پشاور زلمی کے خلاف ایلیمنیٹر میچ میں کامیابی کے بعد ٹیم کی پرفارمنس سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ایسی صورتحال میں پہلے بھی میچ جیتے ہیں، مشکل صورتحال تھی لیکن رن ریٹ کنٹرول میں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم کا شمار دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے، آخری تین میچز میں عماد وسیم نے بہترین کھیل پیش کیا ہے، عماد وسیم ورلڈ کپ کے سکواڈ میں ہونا چاہیے، پاکستان ٹیم کو عماد وسیم جیسے کھلاڑی کی ضرورت ہوتی ہے۔
شاداب خان نے اپنی پرفارمنس سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ تکنیک پر کام کررہا ہوں لیکن وقت نہیں مل رہا، میں اس طرح باؤلنگ نہیں کر رہا جس طرح ہونی چاہیے، ورلڈ کپ اور ایشیا کپ میں بھی مجھ سے اچھی باؤلنگ نہیں ہوئی۔