بھاری مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، فائل فوٹو
بھاری مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، فائل فوٹو

شمالی وزیرستان میں آپریشن، انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت 8 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں ہائی ویلیو دہشتگرد کمانڈر صحرا جانان 8 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر صحرا عرف جانان بھی شامل ہے، یہ دہشت گرد میرعلی حملے میں ملوث تھے اور ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی مطلوب تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوئے تھے، جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد بھی مارے گئے تھے۔