لاہور: پنجاب کابینہ نے 24-2023 کے 4 ہزار 480 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی جبکہ صوبائی کابینہ نے ضمنی بجٹ 24-2023 کی منظوری دی اور جولائی تا اکتوبر، نومبر تا فروری اور مارچ 2024 کے بجٹ کی توسیع بھی کردی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا دوسرا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
کابینہ نے آئی ایم ایف کو تسلی بخش بریفنگ دینے پر سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل کو سراہا۔
صوبائی کابینہ نے پنجاب سیلز ٹیکس سروس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دے دی جبکہ صوبائی کابینہ نے ضمنی بجٹ 24-2023 کی منظوری دی اور جولائی تا اکتوبر، نومبر تا فروری اور مارچ 2024 کے بجٹ کی توسیع بھی کی۔
کابینہ نے صوبے کے ترقیاتی بجٹ کے لیے 655 ارب اور سماجی تحفظ اقدامات کا تخمینہ بجٹ 20 ارب روپے منظور کر لیا، صحت کے لیے 473 ارب، تعلیم کے لیے 596 ارب اور تعمیرات کے لیے 382 ارب کا بجٹ منظور کیا گیا جبکہ رمضان پیکیج کے لیے 30ارب روپے کا بجٹ منظور ہوا ہے۔
پنجاب میں مفت کتابوں کی فراہمی کے لیے 11 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے لئے 12.5 ارب، پی کے ایل آئی انڈوومنٹ فنڈ کے لئے 10ارب اور حفظان صحت کے توسیعی پروگرام کے لیے 11.4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
گندم کے قرضہ کی ادائیگی کے لیے 264 ارب اور زراعت پر سبسڈی کے لیے 25.6 ارب رکھنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خصوصی اقدامات کے لیے بھی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران صوبائی کابینہ نے تاریخ کا بہترین رمضان پیکیج پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگلے سال مستند ڈیٹا کے ساتھ بہتر رمضان پیکیج لائیں گے، صوبہ بھر میں 35 لاکھ سے زائد گھرانوں کو رمضان پیکیج کی ترسیل مکمل ہو چکی ہے، ایک ہفتے تک رمضان پیکیج کی ترسیل کا عمل مکمل کر لیا جائے گا، پیاز اور دیگر اشیا کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول میں بہتری کی وجہ سے اشیا کے بے مثال حد تک نرخ نیچے آ رہے ہیں، چیف سیکریٹری، ان کی ٹیم اور ضلعی انتظامیہ رمضان میں بہتر اقدامات پر شاباش کی مستحق ہے، پوری ٹیم نے رمضان پیکیج اور پرائس کنٹرول کیلیے توقعات سے بڑھ کر کام کیا۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق رمضان نگہبان پیکیج تاریخی اقدام ہے، رمضان پیکیج کی کامیابی کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔