عماد اور محمد عامر کی واپسی سے ٹیم مضبوط ہوگئی، شاہد آفریدی

کراچی (اُمت نیوز)سابق کپتان شاہد آفریدی نے آل راؤنڈر عماد وسیم اور فاسٹ بولر محمد عامر کی ریٹائرمنٹ واپس لینے کے بعد اپنی واپسی سے متعلق دلچسپ جواب دیدیا۔

کراچی میں گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر شاہد آفریدی سے سوال کیا گیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دینے والے کھلاڑیوں کی جانب سے فیصلے واپس لینے پر کیا کہیں گے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ اب میرے لیے ریٹائرمنٹ کا اعلان واپس لینا مشکل ہے، ریٹائرمنٹ واپس لینے کا وقت گزر گیا۔

انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم کا ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ درست ہے، اگر کوئی کھلاڑی سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کے لیے خدمات سر انجام دے سکتا ہے تو اسے کرکٹ کھیلنی چاہیے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کواپنی فٹنس دکھانے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی پرفارم کرنا پڑے گا۔