کراچی (اُمت نیوز) ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا کیمپ کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر میں شروع ہو گیا۔
کیمپ میں 20 ویمن کرکٹرز حصہ لے رہی ہیں، کھلاڑی 8 اپریل تک کراچی میں کیمپ میں شرکت کے بعد عید منانے کے لیے اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوں گی جبکہ عید کے بعد 13 اپریل کو سکواڈ کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 18 اپریل سے شروع ہونے والی سیریز کی تیاری کے لیے دوبارہ جمع ہو گا۔
دو طرفہ سیریز میں 3 ون ڈے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، اس کے علاوہ 5 ٹی ٹوئنٹی بھی شامل ہیں۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے عبوری ہیڈ کوچ محتشم رشید نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہماری سیریزاچھی رہی اور اس سیریز کے بعد ہمارا ہدف کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری لانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سیریز کے بعد ہمیں کھلاڑیوں کی فٹنس پر کام کرنے کا وقت ملا، ہم نے سپورٹ سٹاف میں دو نئے کوچز کو شامل کیا ہے جس سے آنے والی سیریز میں ہماری ٹیم کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا۔