انگلش ٹیم کو دھچکا، بین سٹوکس ٹی 20 ورلڈکپ سے دستبردار

لندن (اُمت نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل انگلش کرکٹ ٹیم کو دھچکا لگا ہے، سپر سٹار بین سٹوکس نے ورلڈکپ 2024 کھیلنے سے انکار کر دیا۔

انگلش بورڈ نے اعلان کیا کہ سٹوکس ٹی 20 ورلڈکپ سکواڈ کی سلیکشن میں دلچسپی نہیں رکھتے، انکا مقصد باؤلنگ کیلئے مکمل فٹ ہونا ہے۔

ای سی بی کا کہنا ہے کہ بین سٹوکس سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سے سیریز سے قبل مکمل فٹ ہونا چاہتے ہیں اس لیے وہ میگا ایونٹ کھیلنے سے گریز کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے بین سٹوکس نے کہا ہے کہ میں باؤلنگ فٹنس کے لیے بڑی محنت کر رہا ہوں، میں تمام فارمیٹ میں آل راؤنڈر کی حیثیت سے کھیلنا چاہتا ہوں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہا کہ آئی پی ایل اور ورلڈ کپ کی قربانی دینے سے مجھے مستقبل میں آل راؤنڈر کی حیثیت سے کھیلنے میں مدد ملے گی، میری کپتان، کوچ اور تمام ٹیم کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بین سٹوکس انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) 2024 سے بھی دستبردار ہوگئے تھے۔

بین سٹوکس نے بھارت میں ہونے والے حالیہ ورلڈ کپ کے بعد کہا تھا کہ وہ گھٹنے کی سرجری کرائیں گے لیکن بعد ازاں انہوں نے اسے ملتوی کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ 2022 ورلڈکپ فائنل میں پاکستان کے خلاف میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر سٹوکس نے ہی وننگ رنز بنا کر ٹیم کو چیمپئن بنوایا تھا، انہوں نے اس طرز میں تب اپنی پہلی ففٹی سکور کی تھی اور اس کے بعد انہوں نے صرف 2 ٹی 20 میچز آئی پی ایل میں کھیلے۔