نیویارک (اُمت نیوز ) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل گوتریس نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں انتقام کے خطرناک چکر کو روکنے کا وقت آگیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ سیکرٹری جنرل نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں خطرناک انتقامی کارروائیوں کو روکنے کا وقت آگیا ہے، گوتریس نے ایک روز قبل بھی ایک ہمہ جہتی علاقائی تنازع کے خطرے سے خبردار کیا تھا۔
جمعہ کو اسرائیل کی جانب سے ایران کے علاقے اصفہان پر محدود حملے نے حالات مزید کشیدہ کردئیے ہیں تاہم تہران نے اس واقعے پر شک ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا جوابی کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ایران کے اس ردعمل کا مقصد علاقائی جنگ سے بچنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی رہنماؤں کا مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے پر زور
حملے کا محدود دائرہ کار اور اس کے بارے میں ایران کی خاموشی سے ظاہر ہوتا ہے کہ چوبیس گھنٹے کام کرنے والے سفارت کاروں کی کوشش کامیاب ہورہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی فضائی دفاع نے اصفہان شہر پر تین ڈرون مار گرائے، انہوں نے اس واقعے کو اسرائیل نہیں بلکہ دراندازوں کی طرف سے کیا گیا حملہ قرار دیا۔
اسرائیل کی طرف سے مزید جوابی اقدامات کی منصوبہ بندی کے بارے میں کوئی اشارہ نہیں ملا، اسرائیلی میڈیا نے بھی اسرائیلی حکام کے بیانات کو براہ راست رپورٹ کرنے سے گریز کیا اور اس کے بجائے غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کا حوالہ دیا ۔