آپ کا مشن ہمارا مشن ہے،سعودی وزراء کی وزیراعظم کو یقین دہانی

ریاض (اُمت نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی وزیر سرمایہ کاری، سعودی وزیر خزانہ اور سعودی وزیر صنعت کی ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیراعظم اور سعودی وزراء کی الگ الگ ملاقاتیں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوئیں، سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد آل فالیح نے وزیراعظم کو پرائم منسٹر آف ایکشن قرار دے دیا۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ ہم سب آپ کی کارکردگی اور کام کرنے کی رفتار سے آگاہ ہیں، آپ پاکستان کے ترقی کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں، آپ کا مشن ہمارا مشن ہے، سعودی سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان ہماری ترجیح ہے، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبے میں بھرپور تعاون جاری رہے گا، ماضی میں پاکستانیوں نے سعودی عرب کے مختلف شعبوں کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم اور سعودی وزیر خزانہ کی ملاقات میں اتفاق ہوا کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرے گا، سعودی وزیر خزانہ نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان کی ترقی سعودی عرب کی ترقی ہے۔

سعودی وزیر خزانہ محمد آل جادان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ویژن 2030ء کے حوالے سے حکومتی سطح پر اصلاحات کیں اور مشکل فیصلے کئے۔

سعودی وزیر صنعت بندر بن ابراہیم الخیریف نے پاکستان کے ساتھ اشتراک کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ سعودی نجی کمپنیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے رابطے میں ہوں، دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان اشتراک ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے ہر مشکل میں ساتھ دینے پر شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا، شہبازشریف نے کہا کہ میرے پچھلے دور حکومت میں سعودی حمایت اور مدد کی بدولت ہمارے معاشی حالات بہتر ہوئے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے سٹریٹجک پارٹنرز ہیں۔