لندن: اسکاٹ لینڈ کے پاکستانی نژاد فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے استعفیٰ دیدیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حمزہ یوسف نے عدم اعتماد کے ووٹ سے قبل سکاٹ لینڈ فرسٹ منسٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا،میڈیارپورٹ کے مطابق حمزہ یوسف کا کہنا ہے کہ نئے چیف منسٹر کے انتخاب تک ذمے داریاں ادا کرتا رہوں گا۔
یاد رہے کہ سکاٹس گرین پارٹی کیساتھ گزشتہ ہفتے شراکت اقتدار کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد حمزہ یوسف پر استعفیٰ دینے کا دباؤ تھا، حمزہ یوسف کو سکاٹس لیبرپارٹی کی تحریک عدم اعتماد کا بھی سامناتھا۔
قبل ازیں اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر پاکستانی نژاد حمزہ یوسف آج کسی وقت مستعفی ہونے کا اعلان کرسکتے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سکاٹ لینڈ کے پہلے مسلم فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کو سکاٹش لیبر پارٹی اور گرین پارٹی کی تحریک عدم اعتماد کا سامنا ہے اور وہ البا پارٹی کے ساتھ اتحاد سے بھی انکار کرچکے ہیں۔
بی بی سی کی رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس صورت حال میں سکاٹ لینڈ کے پہلے مسلم فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کو شراکت اقتدار کا معاہدہ ختم ہونے پر استعفیٰ دینا پڑ سکتا ہے۔بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی نژاد حمزہ یوسف پر استعفیٰ دینے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کا شدید دباﺅ ہے اور ان کے پاس تحریک اعتماد سے بچنے کے لیے مستعفی ہونے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں بچا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حمزہ یوسف نے اپنی جماعت سکاٹش نیشنل پارٹی اور گرین پارٹی کے درمیان اقتدار کی تقسیم کا معاہدہ اچانک ختم کر دیا تھا اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر اقلیتی حکومت چلانے کا ارادہ ظاہر کیا تھاتاہم اپوزیشن جماعتوں نے حمزہ یوسف کے ساتھ مل کر نئی کابینہ بنانے کے بجائے تحریک عدم اعتماد پیش کر دی۔
ادھر حکمراں جماعت نے حمزہ یوسف کی جگہ عبوری وزیراعظم کے لئے پارٹی کے سابق رہنما جان سوینی سے رابطہ کیا ہے جس سے لگتا ہے کہ حمزہ یوسف پر مستعفی ہونے کے لیے پارٹی کی جانب سے بھی دباﺅ ہے۔