اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا اور کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچوں کا اسکول نہ جانا بڑا چیلنج ہے، قائدا عظم نے فرمایا تھا قوم کے لیے تعلیم زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، پاکستان چیلنجز پر قابو پا کر ایٹمی قوت بنا۔
شعبہ تعلیم سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کسی قوم کی ترقی ممکن نہیں، شعبہ تعلیم میں اصلاحات کے لیے کوشاں ہیں، بچوں کا اسکولوں سے باہر ہونا تشویشناک ہے۔
وزیراعطم کا کہنا تھا کہ آج ایک انتہائی اہم تقریب یہاں ہو رہی ہے، پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکول نہیں جاتے، بچوں کا اسکول نہ جانا بڑا چیلنج ہے، بچوں کی غذائی کمی بھی بڑا چیلنج ہے، قوم کی ترقی تعلیم سے جڑی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ اسٹنٹنگ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے پاکستان کا، مالی وسائل تعلیم کے فروغ کے لیے ضروری ہے اور اس کا مسئلہ بھی درپیش ہے لیکن سب سے بڑا چیلنج ان اہداف کو حاصل کرنے کے لیے حوصلے کا ہونا ہے۔
نہوں نے بتایا کہ پاکستان ایک جوہری ملک ہے، پاکستان بیرونی دباؤ کے باوجود چیلنجز کا مقابلہ کرکے ایٹمی طاقت بنا، دہشت گردی ملک کے لیے بڑا چیلنج ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کا نذرانہ دیا، پاکستانی قوم چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔