ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر کی شہادت،حماس اورحوثی سربراہ کا ردِعمل

ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور یمن کی حوثی سپریم انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حماس نے ایرانی حکومت اور عوام سے اس سانحے پر تعزیت اور یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ اپنے بیان میں حماس نے فلسطینی کاز کی حمایت کرنے پر ایرانی رہنماؤں کو سراہا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ حماس نے اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی حمایت پر بھی ایرانی رہنماؤں کو سراہا ہے۔

حماس کی جانب سے جاری کیے گئے تعزیتی بیان میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ ایرانی ادارے اس عظیم نقصان کے اثرات پر قابو پا لیں گے۔

ادھر یمن کی حوثی سپریم انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ اس عظیم سانحے پر ایرانی عوام، ایرانی قیادت اور صدر رئیسی کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

محمد علی الحوثی کا یہ بھی کہنا ہے کہ امید ہے کہ ایرانی عوام خدا کی مرضی سے اپنے عوام کے وفادار قائدین پر اعتماد رکھیں گے۔