سلووینیا نے بھی فلسطین کو باقاعدہ آزاد ریاست تسلیم کرلیا

سلووینیا(اُمت نیوز)فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے سلسلہ تیزی سے جاری ہے،اسپین، آئرلینڈ اور ناروے کے بعد یورپی ملک سلووینیا نے فلسطین کو باقاعدہ آزاد ریاست تسلیم کرلیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سلووینیا کی پارلیمنٹ نے فلسطین کو تسلیم کرنےکی منظوری دے دی، 90 رکنی پارلیمنٹ میں سے 52 ارکان نے بل کی حمایت کی جبکہ دیگر اراکین غیرحاضر تھے۔سلووینیا کا کہنا تھا کہ 2 ریاستوں کاقیام ہی مشرقی وسطی میں امن لاسکتا ہے۔

30 مئی کو سلووینیا نے آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کی منظوری دی تھی۔وزیراعظم روبرٹ گولوب نے سلووینیا کے دارالحکومت لوبیانا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ سلووینیا کی حکومت نے آج فلسطین کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سلووینیا کی حکومت نے دارالحکومت لوبیانا کے وسط میں واقع اپنی عمارت کے سامنے سلووینیا اور یورپی یونین کے جھنڈوں کے ساتھ فلسطینی پرچم لہرایا۔