غزہ سے مکمل اسرائیلی فوجی انخلاء کے بغیر کوئی معاہدہ نہیں ہو گا، حماس

 

غزہ(اُمت نیوز)امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے غزہ جنگ بندی کے حوالے سے پیش کردہ تجاویز پر حماس نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے انخلاء کے بغیر کوئی معاہدہ نہیں ہو گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق حماس کے مرکزی رہنماءاسامہ حمدان نے کہا کہ ہم کسی ایسے معاہدے سے اتفاق نہیں کر سکتے جو ضمانتوں کو یقینی بنانے والا نہ ہو ۔ ایسا معاہدہ ہو جس میںغزہ میں مستقل جنگ بندی اور اسرائیل کی فوج کا انجلاء ہو۔

اسامہ حمدان نے کہا کہ اسرائیل اپنے تمام یرغمالیوں کی رہائی کے بعد ہمارے لوگوں پر جنگی جارحیت شروع کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے ایک پریس کانفرنس کےدوران کہا کہ حماس نے ثالثی کرنے والے ممالک کو واضح کر دیا ہے کہ اسرائیل اپنی پوزیشن واضح کرے اور یقین دہانی لی جائے کہ وہ مکمل جنگ بندی کے ساتھ مکمل فوجی انخلاء بھی ممکن بنائے گا۔

یاد رہے کہ حماس کی طرف سے اس سے پہلے ہی کہہ دیا گیا تھا کہ حماس تجویز کا مثبت طریقے سے جائزہ لے گا۔

دوسری جانب ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ملک قطر نے امریکی صدر کی غزہ کے حوالے سے پیش کردہ تجاویز کے بار میں اسرائیل سے بھی کہا کہ اپنی ایک واضح اور دو ٹوک پوزیشن سامنے لائے۔ ایسی پوزیشن جس کی حمایت اسکی پوری حکومت کرتی نظر آئے تاکہ ایک سمجھوتے تک پہنچا جا سکے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے غزہ جنگ بندی کے حوالے سے روڈ میپ پیش کیا تھا تاکہ علاقے میں امن ہو اور کشیدگی نہ پھیل سکے۔