فائل فوٹو
فائل فوٹو

نکاح عدت کیس، عمران خان، بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیلوں پر فریقین کو نوٹس

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت میں فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی، اپیلوں پر سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل عثمان ریاض گل اور خالد یوسف چوہدری عدالت پیش ہوئے تاہم شکایت کنندہ خاور مانیکا کی جانب سے کوئی بھی عدالت پیش نہ ہوا۔

اس موقع پر وکیل عثمان ریاض نے دلائل دیے کہ عدالت سماعت کے لیے کوئی ایک وقت مقرر کردے، اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس پر سماعت میں بھی پیش ہونا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے خاور مانیکا کے وکیل کے آنے تک کیس کی سماعت میں 10 بجے تک وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد سامعت کے دوبارہ آغاز پر جج نے دریافت کیا کہ آپ اپیلوں پر جلد سماعت چاہتے ہیں یا سزا معطلی پر سماعت چاہتے ہیں؟ وکیل عثمان گل نے جواب دیا کہ عدالت شکایت کنندہ کے کنڈکٹ کو بھی دیکھے۔

جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ ہم نے شکایت کنندہ کو نوٹس کیا تھا، وہ نہیں آنا چاہتے تو نہ آئیں عدالت کیس سنے گی، بشریٰ بی بی کی حد تک صرف اپیل فکس نہیں کرسکتے، اس طرح سے عدالت کا مائینڈ ظاہر ہو ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی دونوں کی جانب سے اپیل ہوتی تو عدالت سماعت کے حوالے سے بہتر پوزیشن میں ہوتی، اس پر وکیل عثمان گل نے کہا کہ عدالت دس منٹ کا وقت دے دے، ہم عمران خان کی طرف سے بھی درخواست دائر کر دیتے ہیں۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بھی سزا معطلی اور اپیلوں پر جلد سماعت کی درخواست دینے کے لیے وکلا کو مہلت دے دی۔

عدالت نے کیس کی سماعت میں 10 منٹ کا وقفہ کر دیا، سماعت کے دوبارہ آغاز پر بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بھی عدت میں نکاح کیس کی اپیلیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواست دائر کردی گئی۔

وکیل نیاز اللہ نے بتایا کہ عدالت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے خود بھی دونوں کی درخواستوں کو ایک ساتھ مقرر کرسکتی ہے، تاہم اس کے باوجود ہم عمران خان کی جانب سے درخواست دے رہے ہیں۔

جج نے کہا کہ کہ ایک ملزم کی جانب سے جلد سماعت کی درخواست آئی، عدالت نے چیزوں کو بیلنس کرنا ہوتا ہے، سادہ کاغذ پر درخواست دی گئی ہے، بیان حلفی درخواست کے ساتھ لگائیں، درخواست میں کسی کو پارٹی نہیں بنایا گیا ہے۔

وکیل نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ پہلی عدالت میں کیس کا فیصلہ محفوظ تھا تاہم دوسری عدالت کو کیس ٹرانسفرکر دیا گیا۔

بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی عدت میں نکاح کیس میں اپیلوں پر سماعت جلد مقرر کرنے، سزا معطلی کی اپیلوں پر فریقین کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔