کریم آباد (اُمت نیوز) آزاد کشمیر میں وادی نیلم کے علاقے کریم آباد کے مقام پر سیاحوں کی گاڑی دریائے نیلم میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی وادی نیلم کیل سے تاؤبھٹ جارہی تھی جس میں 14 افراد سوار تھے ، حادثے میں جاں بحق ہونیوالے 5 افراد کی لاشوں اور 6 افراد کو زخمی حالت میں ریسکیو کرلیا گیا ہے جبکہ 3 افراد لاپتہ ہیں۔
ایس پی نیلم کا کہنا ہے کہ دریائے نیلم کے تیز بھاو کے باعث گاڑی کو دریا سے باہر نکالنے میں دشواری کا سامنا ہے، لاپتہ3 افراد دریا میں ڈوبی گاڑی کے اندر موجود ہو سکتے ہیں۔
دریا نیلم کی گہرائی اور تیز بھاو کے باعث لاپتہ افراد دریا میں بہہ جانے کا خدشہ بھی ہے، جائے حادثہ پر موبائل اور انٹرنیٹ سروس ناکافی ہونے کے باعث معلومات تک رسائی میں میڈیا کو دشواری کا سامنا ہے۔