سی ڈی اےاسلام آباد کے پرانے مراکزکی عمارات بہتر بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد:  سی ڈی اے نے اسلام آباد کے پرانے مراکز و بلیو ایریا کی عمارات بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا. اجلاس میں سی ڈی اے کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی.

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ عمارات کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے کاروبار دوست حوصلہ افزاء پلان ایک ہفتے میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبپارہ مارکیٹ، بلیو ایریا، G-6، F-6 سمیت دیگر مراکز کی پرانی عمارات کو نئے قوانین کے مطابق بنانے پر مالکان کو سہولت دی جائے گی. انہو ں نے مزید کہا کہ عصر حاضر کی ضروریات اور شہر میں کاروبار کے فروغ کو مدنظر رکھتے ہوئے ان مراکز کے مالکان کو سہولیات دی جائیں.

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر بنائی جانے والی اور زیر تعمیر عمارات کے خلاف 30 جون 2024کے بعد کارروائیوں کا آغاز کیا جائیگا۔ اس لئے مالکان بلڈنگز پلان کی منظوری کیلئے 30 جون 2024 سے پہلے اپلائی کریں بصورت دیگر 30 جون 2024 کے بعد عمارات کو سربمہر کردیا جائے گا.

اجلاس میں بلڈنگز پلان کی منظوری کے چارجز بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا. یکم جولائی 2024 کے بعد بلڈنگ پلان کی منظوری نئے چارجز کی ادائیگی پر کی جائے گی.