شمالی کوریا کا کلسٹر وارہیڈ والے کروز میزائل کا تجربہ
تجربے کی نگرانی حکمران جماعت کے مرکزی فوجی کمیشن کے رکن اور مرکزی کمیٹی کے پہلے نائب شعبہ جاتی سربراہ جنرل کم جونگ سک نے کی۔
شمالی کوریا کا کلسٹر وارہیڈ والے کروز میزائل کا تجربہ
شمالی کوریا نے کلسٹر وارہیڈ سے لیس اسٹریٹجک کروز میزائل کا تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق یہ میزائل 5 سے 6 ہیکٹر کے علاقے میں موجود اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
شمالی کوریا کی میزائل انتظامیہ نے بتایا کہ 2 نومبر کو کیے گئے تجربے کے دوران درمیانے درجے کے کلسٹر وارہیڈ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر میزائل کی ہدف تک رسائی اور تباہ کن صلاحیت کو بھی جانچا گیا۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق میزائل کے آخری مرحلے میں اس کی پرواز اور سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت بہتر بنائی گئی ہے، جس سے اسے مختلف جغرافیائی اور قدرتی حالات میں اہداف کو نشانہ بنانے میں مدد ملے گی۔
شمالی کوریا کے مطابق تجربے کی نگرانی حکمران جماعت کے مرکزی فوجی کمیشن کے رکن اور مرکزی کمیٹی کے پہلے نائب شعبہ جاتی سربراہ جنرل کم جونگ سک نے کی۔
میزائل انتظامیہ نے کہا ہے کہ بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے ملک کے دفاعی اور میزائل نظاموں کو مزید جدید بنانا ضروری ہے۔ حکام کے مطابق حالیہ تجربہ ہتھیاروں کی جنگی صلاحیت بڑھانے کے لیے جاری تحقیق اور ترقیاتی پروگرام کا حصہ تھا۔