گزشتہ 8 ماہ کی جنگ کے دوران حزب اللہ کا یہ سب سے بڑا ڈرون حملہ ہے، فائل فوٹو
گزشتہ 8 ماہ کی جنگ کے دوران حزب اللہ کا یہ سب سے بڑا ڈرون حملہ ہے، فائل فوٹو

حزب اللہ کا 9 اسرائیلی فوجی تنصیبات پر حملہ، متعدد ہلاک و زخمی

بیروت: لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے منظم حملے میں راکٹوں اور اسلحے سے لیس ڈرونز کے ذریعے اسرائیل کی 9 فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے جس میں متعدد افراد کے ہلاک و زخمی ہونے کا خدشہ  ہے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی جنوبی سرحد پر مسلسل دوسرے روز بھی کشیدگی شدت سے جاری ہے اور حزب اللہ کی جانب حملے منگل کو اسرائیل کی کارروائی کے جواب میں کیے گئے ہیں، اس کارروائی میں حزب اللہ کا ایک سینئر کمانڈر بھی نشانہ بنا تھا۔

حزب اللہ نے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی 6 فوجی تنصیبات پر کیتیوشا اور فلک راکٹس داغے ہیں اور المنار ٹیلی ویژن نے رپورٹ میں بتایا کہ حزب اللہ کی جانب سے ایک ساتھ 100 سے زائد راکٹ فائر کیے گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ راکٹوں کے ساتھ ساتھ ڈرون حملے بھی کیے گئے جس سے  اسرائیل کی شمالی کمانڈ کا ہیڈکوارٹرز، خفیہ اطلاعات کا ہیڈکوارٹرز اور فوجی بیرکس نشانہ بنائی گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایک وقت میں تقریباً 30 ڈرون حملے کیے گئے جو گزشتہ 8 ماہ کی جنگ کے دوران حزب اللہ کا سب سے بڑا ڈرون حملہ ہے۔