ایک مخصوص سیاسی جماعت نے ٹرول گردی کا فن سیکھا ہوا ہے،فائل فوٹو
ایک مخصوص سیاسی جماعت نے ٹرول گردی کا فن سیکھا ہوا ہے،فائل فوٹو

ایک جماعت پاک چین تعلقات پر پروپیگنڈا کررہی ہے،احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاست کےلیے ریاست کو داؤ پر نہیں لگانا چاہیے، ایک جماعت ذاتی مفاد کے لیے اداروں کےخلاف مہم چلا رہی ہے۔ ایک مخصوص سیاسی جماعت نے ٹرول گردی کا فن سیکھا ہوا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ریاست کو ہمیشہ سیاسی مفاد سے اوپر رکھنا چاہیے، سیاست اور ریاست میں فرق ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کا رشتہ ستاروں سے بھی بلند ہے، وزیراعظم کےدورہ چین پر مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا، لیکن ایک جماعت پاک، چین تعلقات پر پروپیگنڈا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات پر ٹرولنگ شروع کردی گئی ہے، تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہےکہ خدانخواستہ پاکستان اورچین کے تعلقات میں کمی آگئی ہے، پہلی دفعہ اسپیس کے شعبے میں پاکستان اور چین کے تعلقات آگے لے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ چین کے اشتراک سے اسپیس پروگرام کو آگے بڑھائیں گے، چین نے کہا ہے وہ اپ گریڈیڈ لیول پر سی پیک کو آگے بڑھانے کیلیے تیار ہے، چین سے روابط کو اسپیس کے شعبے میں بھی وسعت دی گئی ہے۔

پاک چین تعلقات کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ مشترکہ بیان سننے کے بعد کوئی احمق ہی ہوگا جوکہےتعلق کم ہورہاہے، حالیہ دورے کے بعد چین کے ساتھ تعلقات مزید بڑھے ہیں، چینی صدر نے کہا ہم اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت چندروز سے پاک چین تعلقات پر پروپیگنڈا کررہی ہے، یہ کہنا دشمن کا پروپیگنڈا ہے کہ چین نے تعلقات کو ڈاؤن گریڈ کردیا، یہ جماعت چین سے متعلق مخصوص ایجنڈا اپنائے ہوئے ہے، یہ لوگ چین سے تعلقات خراب ہونے کا تاثر دے رہے ہیں لیکن چین سے ہمارا تعاون ہمالیہ سے بھی بلند ہو چکا ہے۔

احسن اقبال کا کہناتھاکہ آپس کے اختلافات ہوسکتے ہیں، اس کا مطلب یہ کہ ریاست کے مفاد کےساتھ کھیلیں؟ ریاست کے مفادات کے ساتھ کھیلیں گے تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا، ہمارا فرض ہے پاکستانی ریاست کے مفادات کا دفاع کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری سیاست میں اتار چڑھاؤ ہو سکتا ہے، ہم چاہیں حکومت میں ہوں یا باہر، ریاست ہماری سانجھی ہے، لیکن اس وقت ایک مخصوص سیاسی جماعت نے ایک فن سیکھا ہے ٹرول گردی کا۔