افغانستان اور بنگلادیش میں سے جو بھی جیتے گا اچھے رن ریٹ کی بدولت سیمی فائنل میں پہنچے گا، فائل فوٹو
افغانستان اور بنگلادیش میں سے جو بھی جیتے گا اچھے رن ریٹ کی بدولت سیمی فائنل میں پہنچے گا، فائل فوٹو

بارش کی پیشگوئی، آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچے گا یا نہیں؟

کراچی: ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ سپر ایٹ مرحلے میں گروپ 2 سے دو ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے رسائی حاصل کر لی ہے تاہم گروپ ون میں سیمی فائنل میں رسائی کیلیے بھارت کی پوزیشن مستحکم ہے جبکہ آسٹریلیا ، بنگلہ دیش اور افغانستان میں سے کوئی ایک ٹیم ہی سیمی فائنل میں پہنچ پائے گی ۔

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان انتہائی اہم میچ آج شام ساڑھے سات بجے شیڈول ہے لیکن موسم کا حال بتانے والوں نے دوران میچ بارش کے 70 فیصد امکانات کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ایک ادارے کی جانب سے 3.5 ملی میٹر بارش کا امکان ظاہر کیا گیاہے ۔

اگر آسٹریلیا اور بھارت کا میچ واش آؤٹ ہوا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔ اس صورت میں، بھارت سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا، آسٹریلیا کو اپنا سامان باندھنا پڑے گا، اور افغانستان اور بنگلادیش میں سے جو بھی جیتے گا اچھے رن ریٹ کی بدولت سیمی فائنل میں پہنچے گا۔

آسٹریلیا کو افغانستان کے ہاتھوں اہم میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس نے آسٹریلیا کے لیے مشکلات کھڑی کردی ہیں۔  گروپ 1 میں سے ابھی تک تمام ٹیمیں 2،2 میچز کھیل چکی ہیں، جن میں سے بھارت نے اپنے دونوں میچز جیتے ہیں، جبکہ آسٹریلیا اور افغانستان نے ایک ایک میچ جیتا ہے اور بنگلا دیش اپنے ابھی تک کے دونوں میچ ہار چکا ہے۔

موسم کے پیش نظر پوائنٹس ٹیبل پر کافی کچھ تبدیل ہوسکتا ہے، لیکن اگر میچ واش آؤٹ نہیں ہوتے تو یہ بھی ممکن ہے کہ آسٹریلیا بھارت کو ہرا دے، اور افغانستان بنگلادیش کو، اس صورت میں تینوں ٹیموں کے پوائنس 4 ہوجائیں گے اور رن ریٹ یا زیادہ چھکے لگانے کی بنیاد پر 2 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائیں گی۔

بھارت کے پاس اس وقت 4 پوائنٹس اور نیٹ رن ریٹ +2.425 ہے، آسٹریلیا کے پاس 2 پوائنٹس اور +0.223 کا نیٹ رن ریٹ ہے۔ اسی طرح افغانستان کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.650 جبکہ بنگلا دیش کا منفی 2.489 ہے۔