امریکا(اُمت نیوز)امریکا کی پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی مذمت،امریکی محکمہ دفاع کا بنوں حملے میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پاکستان کو خطے میں دہشت گردی کے باعث سخت حالات کا سامنا ہے، پاکستان کےساتھ سیکیورٹی تعاون کے تعلقات کو برقرار رکھتے ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان جنرل پیٹ رائیڈر نے پریس بریفنگ کے دوران 15 جولائی کو بنوں میں دہشت گردوں کے حملے میں فوجی جونواں کی شہادت پر افسوس اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا،ہم ماضی میں متعدد بار یہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کو خطے میں دہشت گردی کے باعث سخت حالات کا سامنا ہے، ایسی صورتحال میں جوانوں کی موت پر افسوس ہوا۔
امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ماضی میں مل کر کام کیا، میجر جنرل پیٹ رائیڈر نے واضح کیا کہ پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کے تعلقات کو برقرار رکھتے ہیں،اس سے متعلق ان کے پاس اعلان کرنے کو کچھ نہیں ہے، اور مجھے یقین ہے کہ اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ مختلف میکانزم کے ذریعے بات چیت ہورہی ہے تاکہ پاکستان کی ضروریات کو دیکھا جاسکے، اور امریکا اس حوالے سے پاکستان کی حمایت میں کیا کرسکتا ہے۔
یاد رہے کہ 15 جولائی کو خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں بھی دہشت گردوں نے بڑا حملہ کیا تھا جس میں پاک فوج کے 8 اہلکار شہید جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تمام 10 دہشت گرد مارے گئے تھے۔