گولان کی پہاڑیوں پر راکٹ حملے میں 10 اسرائیلی ہلاک، 20 زخمی

بیروت(اُمت نیوز) اسرائیلی مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر راکٹ حملے میں 10 اسرائیلی ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق صیہونی اور لبنانی مسلح گروپوں کے درمیان کئی مہینوں سے جاری لڑائی کے دوران یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہے جس پر اسرائیل کی جانب سے شدید ردعمل آنے کا امکان ہے۔

ہلاک شدگان میں زیادہ تر بچے شامل ہیں جن کی عمریں 10 سے 20 سال کے درمیان ہیں، زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

اسرائیلی فوج نےحزب اللہ پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے تاہم لبنانی گروپ نے اسکی تردید کی ہے۔

اسرائیلی ایمرجنسی سروس کے مطابق لبنان سے داغے گئے راکٹ نے مجدل شمس میں فٹ بال گراؤنڈ کو نشانہ بنایا جہاں بچے فٹبال کھیل رہے تھے۔

یاد رہے کہ یہ حملہ لبنان میں اسرائیلی حملے کے بعد کیا گیا ہے جس میں ہفتے کے روز چار عسکریت پسند مارے گئے تھے، اسرائیلی حملے میں مارے گئے چار جنگجو مختلف مسلح گروپوں کے رکن تھے جن میں سے ایک کا تعلق حزب اللہ سے تھا۔