امریکا(اُمت نیوز)امریکا کی سرفہرست ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کاملا ہیرس نے پانسہ پلٹنے والی ریاستوں میں عرب امریکی ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق کاملا ہیرس کو یقین ہے کہ ریاست مشی گن میں کامیابی کے لیے عرب امریکی ووٹرز کی حمایت لازم ہوگی کیونکہ سب سے زیادہ عرب امریکی اسی ریاست میں مقیم ہیں۔
ڈیئربورن شہر کے میئر عبداللّٰہ حمود کا کہنا ہے کہ بائیڈن کے انتخابی دوڑ سے باہر نکلنے سے دروازہ کھلا ہے مگر یہ کاملا ہیرس کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمیونٹی سے اس اتحاد کو قائم کریں جو کہ بائیڈن کی صدارت کے آغاز میں تھا۔
میئر حمود کا کہنا ہے کہ صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کو غزہ میں فوری جنگ بندی کی پرزور وکالت کرنی چاہیے اور اسرائیل کی غیرمشروط حمایت اور اسلحے کی فراہمی روکنی چاہیے۔
عرب کمیونٹی کا کہنا ہے کہ پنسلوینیا کے یہودی گورنر جوش شاپیرو کو نائب صدارتی امیدوار نہیں بنانا چاہیے کیونکہ وہ فلسطینی مظاہرین کے شدید مخالف رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق فلسطینی امریکن رکن کانگریس رشیدہ طلیب کا تعلق بھی مشی گن ہی سے ہے۔