مستعفی ہونے کے بعد شیخ حسینہ واجد کو بنگلادیش چھوڑنے کا کس نے کہا؟

بنگلادیش (اُمت نیوز)وزارتِ اعظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد شیخ حسینہ واجد بنگلادیش چھوڑ کر نہیں جانا چاہتی تھیں۔

شیخ حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد نے یہ انکشاف بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

اُنہوں نے بتایا کہ شیخ حسینہ واجد مستعفی ہونے کے بعد اپنے ملک میں ہی رہنا چاہتی تھیں لیکن فیملی کے اصرار کرنے پر وہ بنگلادیش چھوڑ کر گئیں۔

سجیب واجد نے بتایا کہ ہم نے اُنہیں بنگلادیش چھوڑ کر جانے کے لیے راضی کیا کیونکہ جان کو خطرہ ہو سکتا تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے ملک کی موجودہ صورتحال پر والدہ سے بات بھی کی ہے ملک کے لیے ان کے جذبے میں اب بھی کوئی کمی نہیں آئی لیکن وہ ملک کی موجودہ صورتحال سے بہت مایوس ہیں۔

سجیب واجد نے واجد نے کہا کہ بنگلا دیش کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا والدہ کا خواب تھا جسے پورا کرنے کے لیے گزشتہ 15 سالوں کے دوران بہت محنت کی اور ملک کو عسکریت پسندوں اور دہشت گردی سے محفوظ رکھا لیکن اس کے باوجود اقلیت، اپوزیشن اور عسکریت پسندوں نے اب اقتدار پر قبضہ کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ کوٹہ سسٹم کے خلاف بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری مظاہروں کے بعد وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

وہ آرمی چیف کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن سے قبل مستعفی ہوکر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی فرار ہوگئی ہیں۔