سڑکوں پر موجود طلبا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، فائل فوٹو
سڑکوں پر موجود طلبا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، فائل فوٹو

بنگلا دیشی صدر نے طلبا تحریک کے مطالبے پر پارلیمنٹ تحلیل کردی

ڈھاکا: بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین نے آرمی قیادت سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ تحلیل کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کوٹا سسٹم اور امتیازی سلوک کے خلاف شروع ہونے والی طلبا تحریک کے رہنماؤں نے وزیراعظم حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد صدر محمد شہاب الدین کو آج 6 اگست سہ پہر 3 بجے تک پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

جس پر صدر نے آج آرمی چیف سمیت فوجی قیادت سے مختلف ملاقاتوں کے بعد ڈیڈ لائن ختم ہونے سے نصف گھنٹہ قبل ہی پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا اعلان کردیا۔ سڑکوں پر موجود طلبا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

طلبا تحریک کے رہنماؤں نے صدر کے اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عبوری حکومت کے لیے ماہر معاشیات ڈاکٹر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر مقرر کیا جائے۔

خیال رہے کہ صدر سے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا مطالبہ طلبا تحریک کے کوآرڈینیٹر ناہد اسلام نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمرہ ایک ریکارڈ کرائے گئے ایک ویڈیو پیغام میں کیا تھا۔