دبئی: آئی سی سی نے انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر گس اٹکنسن کو جولائی 2024 کے مین پلیئر آف دی منتھ کے اعزاز سے نواز دیا ہے ، ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں یہ باوقار ایوارڈ جیتنے میں مدد دی۔
تفصیلات کے مطابق اٹکنسن کی ڈیبیو سیریز غیر معمولی تھی، انہوں نے بھارت کے واشنگٹن سندر اور اسکاٹ لینڈ کے چارلی کیسل جیسے نمایاں حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
اٹکنسن نے پلیر آف دی منتھ قرار پانے پر کہا کہ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ جیتنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے! میرے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز ناقابل یقین رہا ہے، اور میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اپنی پہلی سیریز میں اتنی کامیابی حاصل کروں گا۔
26 سالہ اٹکنسن نے جیمز اینڈرسن کے آخری ٹیسٹ میچ میں شاندار ڈیبیو کیا۔ انہوں نے سیریز میں 12 وکٹیں حاصل کیں، جن میں دو مرتبہ پانچ وکٹیں بھی شامل تھیں۔ پہلے ٹیسٹ میں، اٹکنسن نے 7/45 کی شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو صرف 121 رنز پر آؤٹ کرنے میں مدد دی۔ اسی میچ میں دوبارہ پانچ وکٹیں لے کر انگلینڈ کی اننگز کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
اٹکنسن نے پوری سیریز میں اپنی مضبوط کارکردگی جاری رکھی اور مزید 10 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ کے ذریعے بھی اہم کردار ادا کیا۔