حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی، فائل فوٹو
حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی، فائل فوٹو

فرانس کے 2 رافیل لڑاکا طیارے ٹکرا گئے، پائلٹ ہلاک

پیرس: فرانس میں سینٹ ڈیزیئر فوجی تنصیب سے اُڑان بھرنے والے دو رافیل طیارے معمول کی تربیتی پرواز کے دوران فضا میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں طیاروں میں آگ بھڑک اُٹھی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ طیاروں کے آپس میں ٹکرانے سے دونوں پائلٹس موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جن کی شناخت کیپٹن سبسٹین مابیرے اور لیفٹیننٹ میتھیس لارنس کے ناموں سے ہوئی۔

رافیل طیارہ حادثے میں ایک معاون پائلٹ کو بچالیا گیا جنھیں ملٹری اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ان کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

تاحال طیارہ حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ فرانسیسی فوج کی جانب سے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے طیارہ حادثے میں دو فوجی افسران کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہل خانہ اور پوری قوم کے لیے کبھی نہ بھولنے والا واقعہ اور عظیم نقصان ہے۔