لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی رانا افضال حسین انتقال کرگئے۔
ذرائع (ن) لیگ کے مطابق رانا افضال حسین شیخوپورہ سے 2 مرتبہ رکن قومی اسمبلی بھی رہے۔ رانا افضال حسین رکن قومی اسمبلی رانا احمد عتیق انور کے والد اور وفاقی وزیررانا تنویر حسین کے بڑے بھائی تھے۔رانا افضال حسین پی پی 139 کے ضمنی الیکشن میں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی رانا افضال کے انتقال پر افسوس اور اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ رانا افضال پارٹی کے سینئر رہنما اور سرگرم رکن صوبائی اسمبلی تھے۔ پارٹی ان کی خدمات کو تا دیر یاد رکھے گی۔