راولپنڈی(اُمت نیوز)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ آج سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، دونوں ٹیموں میں تین تین اسپنر شامل کیے گئے ہیں۔
گھومتی گیندوں سے ایک دوسرے کو گھمانے کا عزم، دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز پنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کی۔
پاکستان کے کوچ جیسن گلیسپی، کپتان شان مسعود اور انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے پچ کا معائنہ کیا۔
پاکستان کیلئے ساجد خان، نعمان علی اور زاہد محمود اصل ہتھیار ہوں گے جبکہ عامر جمال اور سلمان علی آغا بیٹنگ اور بولنگ کی دہری ذمہ داری نبھائیں گے۔
بیٹنگ آرڈر میں کپتان شان مسعود، عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، کامران غلام، سعود شکیل اور محمد رضوان شامل ہیں۔
پچ کو مد نظر رکھتے ہوئے انگلش ٹیم میں بھی تین اسپیشلسٹ اسپنرز جیک لیچ، شعیب بشیر اور ریحان احمد کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملتان میں سیریز کا کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ انگلینڈ کے نام رہا تھا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ پاکستان نے جیتا تھا۔
میچ جیو سوپر سے براہ راست دکھایا جائے گا۔