تل ابیب: لبنان کے جنوبی علاقے میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں اسرائیلی فوج کے 4 اہلکار مارے گئے جب کہ 14 اہلکار زخمی ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق مارے گئے فوجیوں کی شناخت 43 سالہ کمانڈر ربی ابراہم یوزف گولڈ برگ، 30 سالہ ماسٹر سارجنٹ گیلاد ایلمالیچ، 29 سالہ امیت چیت اور 36 سالہ میجر الیاف امرام ابیتبول کے ناموں سے ہوئی۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ سے جھڑپ میں دیگر 14 اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں حزب اللہ کے 3 جنگجو بھی مارے گئے جو مقامی کمانڈرز تھے جب کہ گزشتہ ایک ماہ لبنان میں مارے گئے اسرائیل فوجیوں کی تعداد 36 ہوگئی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ بے گھر یہودیوں کی اپنے گھروں کو واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔