کراچی: کراچی پریس کلب کے نئے اراکین کے پلاٹس، ترقیاتی اسکیموں اور ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے پلاٹس کے معاملات سے متعلق ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ و ٹاؤن پلاننگ خالد حیدر شاہ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔
صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی، سیکریٹری انفارمیشن ندیم الرحمن میمن ،سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد ، ڈائریکٹر جنرل لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی صفدر علی بگھیو ، ڈائریکٹر جنرل ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نجب سہتو سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں 700 نئے اراکین کے لیے لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے بھیجی گئی سمری اور ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی سے منظور شدہ 80/20 پیمنٹ فارمولے کی سمری کو وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات کے مطابق منظوری کے لیے کابینہ ڈویژن بھیجنے کے احکامات جاری کیے گئے، ایل ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون کو اے ڈی پی اسکیم کا حصہ بنانے پر بات کی گئی۔