اسلام آباد (پ ر) چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعرات کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں پوٹھوہار ایونیو کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں متعلقہ شعبوں کے سینئر افسران نے شرکت کی.
اجلاس کو بتایا گیا کہ پوٹھوہار ایونیو پر تجاوزات کے خلاف آپریشن میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اب تک 290 سے تجاوزات کو مسمار کیا جاچکا ہے. اس سلسلے میں انفورسمنٹ کی ٹیمیں پوٹھوہار ایوینو کی باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنارہی ہیں. اجلاس میں پوٹھوہار ایونیو کے بیوٹفکیشن پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ پوٹھوہار ایوینو کی بیوٹفکیشن کے حوالے سے وسیع پیمانے پر شجر کاری کا کام شروع کیا جاچکا ہے اور ابتک مقامی موسم سے مطابقت رکھنے والے 1,413 درخت لگائے جاچکے ہیں.
چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ پوٹھو ہار ایونیو پر روایتی تشہیری بورڈز کو تبدیل کرکے ڈیجیٹل بورڈز نصب کئے جائیں تاکہ ایونیو کی خوبصورتی میں مزید اضافے کو ممکن بنایا جاسکے. انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل بورڈز سے حاصل ہونے والی آمدنی اسی ایونیو کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش پر خرچ کی جائے گی.
چئیرمین سی ڈی اے نے پوٹھوار ایونیو کی خوبصورتی کے لئے مقامی کارو باری طبقے کو شامل کرکے ایک سی ایس آر پر مبنی ماڈل متعارف کرانے کی ہدایت بھی دی. انہوں نے انفورسمنٹ ونگ کو ہدایت کی کہ وہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کی پیشرفت کو مانیٹر کرنے کے لئے ہفتہ وار ڈرون فوٹیجز بھی فراہم کریں تاکہ تجاوزات کے خاتمے کو مکمل طور پر یقینی بنایا جاسکے.
اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ نہ صرف پوٹھوہار ایونیو بلکہ شہر بھر میں سیوریج، نکاسی آب کی بہتری، تجاوزات کا خاتمہ اور شجر کاری مہم کو تیز کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے.