فائل فوٹو
فائل فوٹو

انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے، چین

بیجنگ: چین نے ایک بار پھر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ”روئٹز“ کی رپورٹ کے مطابق چین کی جانب سے یہ اہم بیان پاکستان کے تجارتی مرکز کراچی میں گزشتہ ہفتے فائرنگ کے ایک واقعے میں دو چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے باوجود سامنے آیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ چین انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ لن جیان نے دارالحکومت بیجنگ میں ایک باقاعدہ نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ چین اور پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو خراب کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کا عزم بھی رکھتے ہیں اور صلاحیت بھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین دونوں اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث دہشت گردوں سے ان کی کارروائیوں کی قیمت وصول کرنے کا بھی عزم اور صلاحیت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی پولیس نے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں گارمنٹ فیکٹری کے اندر دو چینی شہریوں کی جان لینے کی کوشش پر مفرور نجی سیکیورٹی گارڈ کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔