ہوبارٹ:تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔
ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کا 118 رنز کا ہدف 11.2 اوورز میں 3 وکتوں کے نقصان پرحاصل کرلیا جس میں مارکس اسٹونس61رنز کے ساتھ سرفہرست رہے انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔
آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو شارٹ اور جیک فریزر نے میدان میں اتر کرکھیل کا آغاز کیا لیکن شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے آغاز میں ہی اوپنر میتھیو شارٹ کو پولین پہنچا دیا اور وہ صرف دو رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ جیک فریزر 18 اور جوش انگلیسز 27 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے ۔
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پاکستانی بلے باز آسٹریلوی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پاکستان کی پوری ٹیم 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور 20 اوورز بھی کھیلنے میں کامیاب نہیں ہوئی ۔پاکستان کی جانب سے صرف بابراعظم ہی وہ واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے 41 رنز کی اننگ کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور بابراعظم نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن اوپننگ پر آنے والے فرحان صرف 9 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے جبکہ ان کے بعد تیسرے نمبر پر حسیب اللہ آئے اور 24 رز پر زیمپا کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے ۔
ان کے علاوہ عثمان خان تین، سلمان آغا ایک، عرفان خان دس، عباس آفریدی ایک ، جہانداد خان پانچ، شاہین آفریدی 16 اور سفیان مقیم ایک رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
آسٹریلیا کی طرف سے ایرون ہارڈی نے 3، ایڈم زمپا اور اسپینسر جانسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم کی قیادت نائب کپتان سلمان علی آغا نے کی جبکہ محمد رضوان میچ میں شریک نہیں ہوئے۔
واضع رہے آسٹریلیا نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 29 اور دوسرے میچ میں 13 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستانی ٹیم اب تک کینگروز کو آسٹریلیا میں ٹی 20 میچ میں شکست نہیں دے سکی ہے۔