پاک زمبابوے سیریز؛ پہلا ون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا

 

بلاوائیو(اُمت نیوزضپاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے میچ آج بلاوائیو میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے میچ آج سے شروع ہوگا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 12 شروع ہوگا۔

قومی ٹیم ورلڈ چیمپئین آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں ہوم گراؤنڈ پر شکست دیکر آئی ہے، جس کے باعث کھلاڑیوں کو مورال بلند ہے۔

دوسری جانب سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد پاکستانی ٹیم کا دورہ زمبابوے پہلا اسائنمنٹ ہے۔

زمبابوے سیریز میں پاکستان نے تین اہم کرکٹرز بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دیا ہے جبکہ انکی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔

کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی سیریز اب ماضی کا حصہ بن چکی ہے یہ سیریز آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کی تیاریوں کا حصہ ہے، ہم یہاں بھی جیت کے لیے پر امید ہیں۔

پاکستان نے سیریز میں حارث روف اور محمد حسنین کے ساتھ شاہ نواز دھانی، احمد دانیال اور عامر جمال کو موقع دیا ہے جبکہ بیٹنگ لائن اپ میں طیب طاہر کو موقع مل سکتا ہے۔

اسپنر ابرار احمد کے ساتھ نوجوان فیصل اکرم بھی ایکشن میں ہوں گے جبکہ بیٹنگ لائن کا بوجھ محمد رضوان کے ساتھ صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق، کامران غلام، سلمان علی آغا، عرفان خان نیازی اور حسیب اللّٰہ اٹھائیں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 62 ون ڈے میچز ہوئے ہیں، جن میں سے پاکستان نے 54 اور زمبابوے نے 5 میچ جیتے ہیں جبکہ 2 میچ بے نتیجہ رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔