سیول :جنوبی کوریا کے صدر یون سوک ییوول نے ملک میں مارشل لاء نافذ کر دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی طرف جھکاؤ رکھنے والی اپوزیشن ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کی ریاست مخالف سرگرمیوں کے باعث مارشل لا نافذ کیا گیا ہے، شمالی کوریا کی طرف جھکاؤ رکھنے والی اپوزیشن پارلیمنٹ پر قابض تھی۔
جنوبی کوریا کے صدر کی جانب سے ملک میں مارشل لا لگانے پر سیول میں اپوزیشن لیڈر لی جائے مائیونگ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پارلیمنٹ صدر کے مارشل لا کے حکم کو کالعدم کرنےکی کوشش کرے گی۔
پارلیمنٹ میں جنوبی کوریا کے اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ فوج ارکان پارلیمنٹ کو گرفتار کرنے کی کوشش کر سکتی ہے۔سیول سے مقامی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کا داخلی دروازہ بند کر دیا گیا ہے،ارکان پارلیمنٹ کو داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
بائیڈن انتظامیہ جنوبی کوریا کی حکومت سے رابطے میں ہیں، وائٹ ہاؤس
جنوبی کوریا میں مارشل لا کے ہنگامی نفاذ پر امریکا نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
واشنگٹن سے خبر ایجنسی کی رپورٹ میں امریکی ایوان صدارت وائٹ ہاؤس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ جنوبی کوریا کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔
وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ جنوبی کوریا کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔