پشاور: وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہمارے 12 لوگ شہید اور 100 سے زائد زخمی ہیں اور میڈیا پر بیٹھائے گئے مداری کہہ رہے
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ہمارے لوگوں پر ریاست نے گولیاں برسائیں اور شہید کیا گیا، انہیں خراج تحسین پیش کریں گے، اس اجتماع میں زخمیوں کےلئے دعا بھی کریں گے، سب لوگوں کو 15 دسمبر کو باغ ناران حیات آباد میں اس اجتماع میں شرکت کرنی ہے، یہ آپ کی آزادی کے لیے جان پیش کرنے والے شہدا ہیں اور شہدائے حقیقی آزادی ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ ہم ڈی چوک میں جاں بحق افراد کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، جب تک حقیقی آزادی حاصل نہیں کرتے اس وقت تک ہماری تحریک جاری رہے گی، حکومت کو پیغام دیتا ہوں کہ ہمارے بہت سے لوگ لاپتا ہیں، ہمیں خدشہ ہے کہ ہمارے لاپتا افراد میں بہت سے لوگوں کو شہید کیا گیا ہے اس حوالے سے ہمارے تحفظات اور خدشات دور کیے جائیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ حکومت روزانہ ڈرامہ بازی کررہی ہے، میڈیا بھی دباؤ کی وجہ سے اس معاملے کو کوریج نہیں دے رہا، میں واضح پیغام دے رہا ہوں گولی کیوں چلائی اس کا جواب حکومت کو دینا پڑے گا، اس سے پہلے بھی پاکستان میں نہتے لوگوں کو قتل کیا گیا، گولی کس نے چلائی اور کس کے حکم پر چلائی ہر ایک بندہ جواب دہ ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ ہم اس کا جواب بھی مانگیں گے اور آپ کو جواب دینا پڑےگا، یہ جو مداری میڈیا پر بٹھائے گئے ہیں اور جو کہہ رہے ہیں کہ گولی نہیں چلائی،جو ہمارے 12 تصدیق شدہ شہدا ہیں اس کے علاوہ جو 100 سے زائد زخمی ہیں جبکہ مزید کی تصدیق ہو رہی ہے ہم چھوڑیں گے نہیں آپ کو جواب دینا پڑے گا۔