دوسرا ٹی20، جنوبی افریقا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

جنوبی افریقا نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

پاکستان نے صائم ایوب کی شاندار پرفارمنس کی بدولت جنوبی افریقا کو مقررہ 20 اوورز میں 207 رنز کا ہدف دیا جسے میزبان ٹیم نے آخری اوور کی تیسری بال پر حاصل کرلیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ریزا ہینڈرکس نے 63 گیندوں پر 117 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 10 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

میتھیو برٹزکے 12 اور ریان ریکلٹن 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، وین ڈرڈوسین 38 گیندوں پر 66 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کے جہانداد خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقا کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

اس سے قبل سنچورین میں اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے ناقابل شکست 98 رنز کی باری کھیلی اور حریف ٹیم کےلیے بڑا ہدف سیٹ کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

صائم ایوب نے 57 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی اننگز کے دوران 5 چھکے اور 11 چوکے لگائے، بابر اعظم نے 31 اور عرفان نیازی نے 30 رنز کی باری کھیلی۔

یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 206 رنز بنائے اور جنوبی افریقا کے لیے 207 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

دیگر کھلاڑیوں میں کپتان رضوان 11، عثمان خان 3 اور طیب طاہر 6 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ عباس آفریدی 11 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

میچ کےلیے گرین شرٹس نے 1 تبدیلی کی، اسپنر سفیان مقیم کی جگہ فاسٹ بولر جہانداد خان کو شامل کیا گیا۔

ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، بابر اعظم، صائم ایوب، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، جہانداد خان، حارث روف اور ابرار احمد شامل تھے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔