موبائل فون چارجنگ پر لگا تھا جو کسی وجہ سے پگھل گیا اور شارٹ سرکٹ ہوگیا، فائل فوٹو
موبائل فون چارجنگ پر لگا تھا جو کسی وجہ سے پگھل گیا اور شارٹ سرکٹ ہوگیا، فائل فوٹو

سعودی عرب، موبائل چارجر سے گھر میں خوفناک آگ،7 افراد جاں بحق

ریاض: سعودی عرب میں ایک المناک واقعے میں موبائل چارجر نے ایک خاندان کے سات افراد کی جان لے لی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی علاقے الاحسا کے ایک گھر کے ڈرائنگ روم میں لگنے والی خوفناک آگ نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کے دھوئیں سے جاگ جانے والے بیٹے نے اپنے والدین کو گھر سے بمشکل بحفاظت نکالا اور پھر دیگر بہن بھائیوں کی مدد کے لیے اندر گیا اور کبھی واپس نہ آٰیا۔

تمام بچوں کے آگ میں جل کر مر جانے سے والدین ذہنی توازن کھو بیٹھے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے 4 گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ آگ لگنے سے پورا گھر جل کر خاکستر ہوگیا۔ زیادہ تر ہلاکتیں دم گھٹنے کے باعث ہوئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے پتا چلا کہ موبائل فون چارجنگ پر لگا تھا جو کسی وجہ سے پگھل گیا اور شارٹ سرکٹ ہوگیا۔

سب سے پہلے آگ ڈرائنگ روم کے صوفہ سیٹس پر لگی اور اس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے ہی دیگر کمروں میں بھی پھیل گئی۔زہریلے دھوئیں کے باعث پڑوس کے گھروں کو بھی خالی کرالیا گیا۔