پاکستان نے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو 3 وکٹ سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقہ کا 240 رنز کے ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور کی تیسری بال پر 7 وکٹ کھو کر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی بیٹنگ کی خاص بات صائم ایوب کے 109 رنز تھے جو انہوں نے 119 بالز پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے اسکور کیے۔
قومی ٹیم کی جانب سے سلمان آغا نے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا جبکہ بابر اعظم 23 رنز بنا سکے۔
پارل میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کی نسبتاً آسان ہدف کے تعاقب میں پہلی وکٹ 2 رنز پر گری، عبداللّٰہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ انہیں مارکو یانسین نے آؤٹ کیا۔
پاکستانی بیٹر دفاعی حکمت عملی کے تحت کھیلتے ہوئے نظر آئے، صائم ایوب اور بابر اعظم کے درمیان 44 رنز کی شراکت بنی، تاہم بابر اعظم 38 گیندوں پر 23 رنز بنا کر بارٹمین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان صرف ایک رن کے مہمان ٹھہرے، انہیں بھی 52 کے مجموعے پر بارٹمین نے بولڈ کرکے چلتا کیا۔
چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹر کامران غلام تھے، انہوں نے 4 رنز بنائے۔ تاہم پانچویں وکٹ پر صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کےلیے 141 رنز جوڑ کر میچ جنوبی افریقہ سے دور کردیا۔
صائم ایوب نے 112 گیندوں پر ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری بنائی۔ وہ 109 رنز بنا کر 201 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
اوپننگ بلے باز صائم ایوب کے آؤٹ ہوتے ہی پہلے ایک رن بنانے والے عرفان خان 203 جبکہ شاہین آفریدی 209 کے مجموعے پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔