پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا ٹیسٹ سپر اسپورٹس پارک سینچورین میں جمعرات سے شروع ہورہا ہے.
ٹیسٹ کے لئے پاکستان ٹیم میں سابق ٹیسٹ کپتان بابر اعظم کو شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے، بابر اعظم کے کھیلنے کی صورت میں کپتان شان مسعود صائم ایوب کیساتھ اننگز کا آغاز کریں گے اور بابر اعظم نمبر تین پر بیٹنگ کرینگے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ایک بہترین بیٹسمین ہیں، البتہ نمبر "تین” پر ان کا ریکارڈ زیادہ متاثر کن دکھائی نہیں دیتا۔
راشد لطیف نے کہا کہ بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 2486 رنز نمبر ” چار” پوزیشن پر کھیلتے ہوئے بنائے، جہاں انھوں نے 52 اننگز میں 7 سینچریاں اور 14 نصف سینچریاں اسکور کر رکھی ہیں۔
سابق ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں 19 مرتبہ نمبر ’’تین‘‘ پوزیشن پر بیٹنگ کی ہے، جہاں انھوں نے 30.00 کی اوسط سے 510 رنز اسکور کر رکھے ہیں۔