ماسکو: روسی حکام اور میڈیا کے مطابق یوکرین نے رات کے وقت ایک بڑا ڈرون اور میزائل حملہ کر کے روس کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو صنعتی فیکٹریوں کو نقصان پہنچا اور جنوبی روس کے بڑے شہر اینگلز میں اسکولوں کو بند کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
روسی نیوز چینلزکے مطابق، حملے کے دوران روس نے یوکرین کے 200 سے زائد ڈرون اور پانچ امریکی ساختہ ATACMS بیلسٹک میزائل مار گرائے۔ ماہرین کے مطابق، یہ حملے روس کے خلاف ایک منظم اور بڑے پیمانے پر آپریشن کا حصہ تھے۔
رائنسک علاقے کے گورنر، الیگزینڈر بوگوماز نے تصدیق کی کہ یوکرین نے میزائل حملے کیے ہیں لیکن اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ کون سے میزائل استعمال کیے گئے۔
ساراتوف کے گورنر رومن بسارگین نے بتایا کہ اینگلز شہر میں ایک صنعتی ادارے کو نقصان پہنچا ہے، تاہم اس کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب ساراتوف اور اینگلز کے اسکولوں میں کلاسز کو عارضی طور پر آن لائن منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، روس کے کئی شہروں، جن میں کازان، پینزا، اولیانوسک اور نزہنکامسک شامل ہیں، میں پروازوں پر پابندیاں لگا دی گئیں۔