کراچی : نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) اور ڈی پی ورلڈ کی جوائنٹ وینچر کمپنی کے توسط سے متعدد تجارتی سامان پر مشتمل کنٹینروں کا پہلاقافلہ کراچی سے وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے روانہ ہوا۔
یہ تاریخی سنگ میل لاجسٹکس کے دونوں بڑے اداروں کی باہمی شراکت داری کے نتیجے میں طے ہوا۔
اس موقع پر کراچی میں وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سولیم نے وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے کارگو سروس کا افتتاح کیا۔ ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی کے سینئر حکام سمیت معروف کاروباری شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عزت مآب جناب سلطان احمد بن سولیم نے کہاکہ دونوں اداروں کے مابین اشتراک پورے خطے میں رابطوں اور تجارت کو فروغ دینے کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ این ایل سی کی خطے میں موجودہ حیثیت اور ڈی پی ورلڈ کی عالمی سطح پر موجودگی سے بے پناہ کاروباری مواقع میسر آئیں گے جس سے اقتصادی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے اس سروس کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس پیشرفت سے کاروبار میں آسانی پیدا ہوگی اور ترسیل کی لاگت اور وقت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔
ڈائریکٹر جنرل این ایل سی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے علاقائی تجارت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور خطے کی کاروباری برادری کو بھرپور فائدہ ہوگا۔ ترسیل کے مربوط نظام اور بلا رکاوٹ تجارت کو یقینی بنا کر پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں ممدگار ثابت ہوگا۔
یہ سروس علاقائی تجارت کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے دونوں اداروں کی جانب سے اس عزم کا عملی اظہار ہے جس سے اقتصادی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔