راجکوٹ:،انڈین ویمنز ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے میں رنز کا انبار لگاتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
انڈین ویمنز ٹیم نے راجکوٹ میں کھیلےگئے ون ڈے سیریز کے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 5 وکٹوں پر 435 رنز بنا کر ریکارڈ قائم کیا۔آئر لینڈ کو اس میچ میں 304 رنز سے شکست ہوئی۔
انڈیا کی جانب سے اوپنر پراتیکا راول 154 اور سمرتی مندانا 135 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔435 رنز انڈین مینز یا ویمنز کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل 2011 میں انڈین مینز ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 411 رنز بنائے تھے۔ اس کے علاوہ انڈین ویمنز ٹیم ون ڈے میں 400 سے زیادہ رنز بنانے والی پہلی ایشیائی ویمنز ٹیم بھی بن گئی ہے۔
ویمنز ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ 491 ہے جو نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کے خلاف 2018 میں بنایا تھا، جب کہ مینز کرکٹ میں یہ ریکارڈ انگلینڈ کے پاس ہے، انگلینڈ نے 2022 میں نیدرلینڈز کے خلاف 498 رنز بنائے تھے۔