اسلام آباد: عازمین حج کی تربیت کا پہلا مرحلہ آج سے شروع ہوگا۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق عازمین حج کی تربیت کے پہلے مرحلے میں آج بنوں، اسلام آباد، منڈی بہاؤالدین، شہید بے نظیر آباد میں تربیتی پروگرام منعقد ہوں گے، کل جمعہ کو چارسدہ، لکی مروت، اسلام آباد میں تربیت دی جائے گی۔
اسی طرح ہفتہ 25 جنوری کو اسلام آباد، لاہور، ٹانک، عمر کوٹ سندھ میں حج تربیتی پروگرام منعقد ہوں گے، انہوں نے عازمین حج کو ہدایت کی کہ دیے گئے شیڈول کے مطابق تربیتی کیمپوں میں شرکت کریں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دوسرے شہروں میں مقیم عازمین حج نزدیکی مقام پر تربیت حاصل کر سکتے ہیں، سمندرپار مقیم پاکستان پہنچ کر متعلقہ حاجی کیمپ سے تربیت حاصل کریں گے۔
وزارت مذہبی امورکے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ نئے درخواست گزار بینک رسید دکھا کر تربیتی پروگرامز میں شرکت کر سکیں گے، 85 ہزار 560 عازمین حج کو تحصیل کی سطح پر حج تربیت دی جائے گی۔