چیمپئینز ٹرافی کا دوسرا میچ: بھارت اور بنگلہ دیش آپس میں ٹکرائیں گے

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں ایڈیشن پاکستان میں شروع ہوچکا ہے، جس میں پاکستان کو پہلے میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا، اب مزید ایک میچ کا فیصلہ آج ہوگا جس میں بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیمیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی۔

بھارت اور بنگلادیش کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔

بھارتی کپتان روہت شرما کہتے ہیں آئی سی سی ایونٹ کا ہر میچ اہم ہوتا ہے، ایک میچ ہارو تو دباؤ آجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹیم متوازن ہے، کوشش ہے چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتیں۔

خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہوں گی، جن میں میزبان دفاعی چیمپئن پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان، بھارت، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔

تمام آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں دفاعی چیمپئن پاکستان، بنگلہ دیش، بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں افغانستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کو رکھا گیا ہے۔

تمام آٹھ ٹیموں کے دو گروپس میں سے دو، دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کریں گی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ گروپ اے کی ٹیموں دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا۔

چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل میچ 4 مارچ جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 5 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔