انقرہ: کردستان ورکرز پارٹی (PKK) نے ترک ریاست کے خلاف چار دہائیوں سے جاری خونی مسلح جدوجہد کو ختم کرنے اور تنظیم کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ خبر ”پی کے کے“ سے قریبی تعلق رکھنے والی خبر رساں ایجنسی ”فرات“ نے پیر کے روز دی ہے۔
فرات نیوز ایجنسی کے مطابق، ”پی کے کے“ کی شمالی عراق میں منعقدہ 12ویں کانگریس میں اس فیصلے کا اعلان کیا گیا جہاں تنظیم کا مرکزی ڈھانچہ قائم ہے۔
کانگریس کے اختتامی اعلامیے میں کہا گیا کہ ’پی کے کے کی تنظیمی ساخت تحلیل کر دی جائے گی اور مسلح جدوجہد کو ختم کر دیا جائے گا۔‘
پی کے کے کا یہ فیصلہ نیٹو کے رکن ملک ترکی کے سیاسی و معاشی استحکام میں بہتری لا سکتا ہے اور ہمسایہ ممالک عراق و شام میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو بھی فروغ دے سکتا ہے، جہاں کرد فورسز امریکی حمایت یافتہ ہیں۔
پی کے کے نے 1984 میں ترک ریاست کے خلاف بغاوت کا آغاز کیا تھا، جس کے نتیجے میں اب تک 40 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، معیشت پر بھاری بوجھ پڑا ہے اور سماجی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ ترکی، امریکہ اور یورپی یونین پی کے کے کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں۔
تنظیم کا یہ فیصلہ اس کے قید رہنما عبداللہ اوجالان کی جانب سے فروری میں کی گئی اپیل کے جواب میں کیا گیا ہے۔ اوجالان 1999 سے استنبول کے جنوب میں واقع ایک جزیرے پر قید ہیں۔ پیر کے روز پی کے کے نے کہا کہ وہ اس عمل کی نگرانی خود کریں گے، تاہم یہ واضح نہیں کہ انقرہ ان کے کردار کو تسلیم کرے گا یا نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کردستان ورکرز پارٹی کی تحلیل کا خیرمقدم
وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں عسکریت پسند تنظیم کردستان ورکرز پارٹی کی تحلیل کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ترک قیادت کے غیرمتزلزل عزم کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی اقدام ترکیہ میں امن، استحکام اور ترقی کے نئے باب کا آغاز ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ کردستان ورکرز پارٹی کی تحلیل سے ترکیہ میں دہشت کے سائے ختم ہوں گے اور عوام کو پُرامن زندگی میسر آئے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اُن کے امن کے لیے مستقل اور پُرعزم جدوجہد کا مظہر ہے۔
شہباز شریف نےمزید کہا کہ پاکستان ترکیہ میں دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور ہر فورم پر اپنے برادر ملک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار جاری رکھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ قدم پورے خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہوگا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos