مرنے والے یوکرین کی ایمرجنسی سروس کے ملازمین تھے، فوٹو انٹرنیشنل میڈیا
مرنے والے یوکرین کی ایمرجنسی سروس کے ملازمین تھے، فوٹو انٹرنیشنل میڈیا

یوکرین پر روس کے شدید فضائی حملوں میں 3 افراد ہلاک، 49 زخمی

 کیف: یوکرینی حکام کے مطابق روس نے جمعے کی صبح یوکرین کے دارالحکومت سمیت دیگر علاقوں پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملے کیے جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہوگئے۔

صدر زیلینسکی کے مطابق حملے میں 400 سے زائد ڈرونز اور 40 سے زائد میزائل استعمال کیے گئے، اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔روس کی جانب سے ان فضائی حملوں میں کیئو، لوٹسک شہر اور شمال مغربی علاقے ترنوپیل کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ حملے ’کیئو حکومت کے دہشت گردانہ اقدامات‘ کے جواب میں کیے گئے ہیں اور ان کا ہدف فوجی مقامات تھے۔

یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب روسی صدر ولادیمیر پوتن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کر چکے تھے کہ وہ یوکرین کے حالیہ حملوں کے جواب میں کارروائی کریں گے۔

صدر زیلنسکی نے جمعے کو ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’اب وہ لمحہ ہے جب امریکہ، یورپ اور دنیا بھر کے لوگ روس پر دباؤ ڈال کر اس جنگ کو روک سکتے ہیں۔ انھوں نے ٹرمپ کی روس پر دباؤ ڈالنے میں عدم دلچسپی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر کوئی دباؤ نہیں ڈال رہا اور جنگ کو مزید وقت دے رہا ہے تو یہ مجرمانہ خاموشی ہے۔ ہمیں فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے۔

صدر زیلنسکی نے ان حملوں میں اب تک تین ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ مرنے والے یوکرین کی ایمرجنسی سروس کے ملازمین تھے۔ شیلنگ کے باعث میٹرو ٹریک کو نقصان پہنچنے پر شہر کا ریلوے نظام متاثر ہوا، اور ایئر ریڈ سائرن بجتے رہے۔ترنوپیل کے فوجی سربراہ ویچیسلاو نیگودا نے کہا کہ جمعے کا حملہ ’ہمارے علاقے پر اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ تھا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل یوکرین نے کم از کم چار روسی فوجی اڈوں پر 40 طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز سے حملہ کیا تھا۔

زیلنسکی کے مطابق اس آپریشن میں یوکرین کی سکیورٹی سروس (SBU) نے 117 ڈرونز استعمال کیے جن سے روس کے 34 فیصد سٹریٹجک کروز میزائل بردار طیارے متاثر ہوئے۔