فائل فوٹو
فائل فوٹو

چین کا ٹرمپ پر ایران-اسرائیل کشیدگی میں تیل ڈالنے کا الزام

بیجنگ: چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران اور اسرائیل کشیدگی میں تیل ڈالنے کا الزام عائد کر دیا۔

چین نے امریکی صدر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع میں آگ پر تیل ڈالنے کا کام کر رہے ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گوو جیاکُن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے بجائے شعلوں کو ہوا دینا، تیل ڈالنا، دھمکیاں دینا اور دباؤ بڑھانا صرف تنازع کو مزید بھڑکائے گا اور اس کا دائرہ وسیع کرے گا۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دھمکیوں سے مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہوسکتا اور صورتحال کو پرسکون بنانے کے لیے سفارتی راستہ ہی واحد حل ہے، انہوں نے اشارہ دیا کہ بیجنگ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر آمادہ ہے۔

واضح رہے کہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے مذکورہ بیان امریکی صدر  کی ایرانی شہریوں کو تہران خالی کرنے کی دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے۔