فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہمارے کتنے طیارے گرے؟ یہ سوال نہیں بنتا ،بھارتی وزیر دفاع

نئی دہلی : بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہمارے کتنے طیارے گرے؟ میرے خیال میں اپوزیشن کا سوال ہمارے قومی جذبات کی نمائندگی نہیں کرتا۔لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پہلگام حملے اور آپریشن سندور پر اپوزیشن کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا کوئی تنازعہ نہیں بلکہ یہ تہذیب اور بربریت کا ٹکراؤ ہے۔اگر کوئی ہماری خودمختاری کو نقصان پہنچاتا ہے تو اسے جواب دینا ضروری ہے۔

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپوزیشن  رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ نہیں پوچھا کہ ہماری فوج نے کتنے طیارے گرائے؟ اگر انھیں سوال ہی پوچھنا ہے تو یہ پوچھنا چاہیے کہ انڈیا نے کتنے ٹھکانے تباہ کیے ۔ اگر آپ نے سوال پوچھنا ہی ہے تو یہ پوچھیں کہ آپریشن میں ہمارے کتنے فوجیوں کو نقصان پہنچا؟ پاکستان نے ہمارے کتنے طیارے گرائے ہیں یہ قومی جذبات کی نمائندگی نہیں کرتا۔

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے مئی میں پاکستان کے ساتھ فوجی تنازع اس لیے ختم کیا کیونکہ اپنے تمام سیاسی اور عسکری مقاصد حاصل کر لیے تھے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کو بھی مسترد کر دیا کہ جنگ بندی ان کی ثالثی سے ممکن ہوئی۔

راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارت نے آپریشن کو کسی بین الاقوامی دباؤ کے تحت روکا یہ بالکل بے بنیاد اور غلط تصور ہے۔ ان کے بقول آپریشن بند کرنے کا فیصلہ مکمل حکمتِ عملی اور مقاصد کے حصول کے بعد کیا گیا۔

دوسری جانب بھارتی اپوزیشن نے مودی حکومت کے بیانیے پر شدید سوالات اٹھائے ہیں۔ سابق وزیر داخلہ اور سینئر کانگریسی رہنما پی چدمبرم نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام حملے اور اس کے بعد شروع ہونے والے فوجی آپریشن کے حوالے سے حقائق عوام سے چھپائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک حملہ آوروں کی نہ گرفتاری ہوئی ہے، نہ ان کی شناخت سامنے لائی گئی ہے۔ کچھ گرفتاریاں دکھائی گئیں مگر ان افراد کا بعد میں کیا ہوا، یہ حکومت نہیں بتا رہی۔ اگر حکومت کے پاس کوئی ثبوت ہے کہ حملہ آور پاکستان سے آئے تھے تو وہ عوام کے سامنے لائے جائیں، بصورت دیگر مفروضات پر الزام تراشی سے گریز کیا جائے۔